15 دسمبر 2022
مسیحی ادبی تنظیم “فروغ سخن”(مرکز) اور پاکستان کرسچن ریکارڈنگ منسٹریز کے زیر اہتمام 15 دسمبر 2022، بروز جمعرات، سہ پہر 4 بجے وائلڈر ہال، پی سی آر ایم، ڈیوڈولا فیصل آباد میں کرسمس کے حوالے سے مشاعرہ اور محفل موسیقی کا انعقاد کیا گیا۔ جس میں شعرا، ادبا، گلوکاروں اور سازندوں سمیت شاعری اور موسیقی کے شائقین کی قابل ذکر تعداد نے شرکت کی۔
پروگرام کی صدارت جناب فادر خالد رشید عاصی نے کی۔
معروف صحافی اور ادیب جناب آرتھر برقی آرتھر، سینئر وکیل اور شاعر ایرک این عالم سندھو اور پروفیسر ونسنٹ پیس عصیم خاص مہمانوں کی صف میں تھے۔
پروگرام کی نظامت کے فرائض “فروغ سخن” کے جنرل سیکرٹری طاہر نوشاد نے ادا کیے۔
جہاں موقع کی مناسبت سے ونسنٹ پیس، فادر خالد رشید عاصی، ایوب شنوا، امجد پرویز ساحل، امجد رشید اور تاشفین مجید جیسے سنجیدہ شعرا نے اپنے کلام سے بزم کو خوب صورت بنایا، وہیں پطرس ضیا پیامی نے اپنی چلبلی اور مزاحیہ شاعری سے محفل کو کشت زعفران بنائے رکھا۔
فیصل آباد سے تعلق رکھنے والے نوجوان گلوکاروں اور طبلہ نوازوں نے بھی اپنی آواز اور فن سے حاضرین کو خوب محظوظ کیا۔
پروگرام کی خاص بات کرسمَس کے حوالے سے دو گیتوں کی لانچنگ بھی تھی۔
پہلا گیت نوجوان گلوکار سوباب پال کیلون، جب کہ دوسرا صدف سائرہ اور فلپس منشا کی آواز میں لانچ کیا گیا۔
دونوں گیتوں پر حاضرین نے گلوکاروں اور سازندوں کو خوب داد دی۔
محفل کے صدر فادر خالد رشید عاصی اور خاص مہمانوں نے اپنے پیغام میں حاضرین کو کرسمَس کی مبارک باد پیش کی۔ نیز فن اور ادب کی ترویج کے سلسلے میں “فروغ سخن” کی کوششوں کو سراہا۔
آخر میں مہمانوں اور حاضرین کے اعزاز میں عشائیہ دیا گیا۔