3 دسمبر 2023
فروغ سخن واہ کینٹ برانچ کے زیر اہتمام ایک روزہ ادبی سیمینار
فروغ سخن واہ کینٹ برانچ کے زیر اہتمام مورخہ 3 دسمبر 2023 کو ایک روزہ ادبی سیمینار کا انعقاد کیا گیا۔پروگرام تین سیشن پر مشتمل تھا۔ پروگرام کا آغاز پاسٹر جاوید کی دعا سے ہوا۔ پہلا سیشن “گوہر افشاں” کی تقریب ;رونمائی پر مشتمل تھا۔جس کے مصنف ڈاکٹر شاہد ایم شاہد ہیں ۔اسٹیج سیکرٹری کے فرائض جناب امجد رشید نے ادا کیے۔تمام معزز مہمانوں کو مالا پہنا کر پروگرام میں خوش آمدید کہا گیا۔ تقریب کی صدارت جناب امجد پرویز ساحل نے کی۔ مہمانان خصوصی میں جناب اعجاز رازق اعوان تھے۔مہمانان اعزاز میں پاکستان اکادمی ادبیات سے پرسنل اسسٹنٹ ٹو چیئر پرسن جناب محمد عمران تھے ۔اظہار خیال کرنے والوں میں یوحنا جان از لاہور ، ڈاکٹر ندیم ڈیوڈ از ٹیکسلا اور اعجاز رازق از راولپنڈی (پی ایچ ڈی سکالر) تھے۔
یوحنا جان نے اظہار خیال کرتے ہوئے کتاب کے معنی و مطالب بیان کیے۔انہی بنیادی نکات کی روشنی میں سیر حاصل تبصرہ پیش کیا۔ ڈاکٹر ندیم ڈیوڈ نے الفاظ کی مجسمہ سازی کو بیان کرتے ہوئے عنوانات کے چناؤ تک کتاب کی افادیت کو بیان کیا۔اعجاز رازق اعوان صاحب نے ڈاکٹر شاہد ایم شاہد کے فنی سفر کو خوب سراہا ۔کتاب کی گونا گوں خوبیوں کو بیان کرنے کے ساتھ ساتھ فن و شخصیت کے خد و خال بھی ادبی چاشنی کے ساتھ پیش کیے۔ صدارتی خطبہ پیش کرتے ہوئے جناب امجد پرویز ساحل نے حاصل بحث ان الفاظ سے سمیٹی کہ ڈاکٹر شاہد ہمارے وہ خاص دوست ہیں جن کے فن و شخصیت پر بات کرنے کے لیے ایک ریاضت کی ضرورت ہے۔انہوں نے کتاب سے کچھ اقتباسات پیش کر کے کتاب کی افادیت ، قلم کی روانی و سلاست، الفاظ کی بنت کاری اور عنوانات کی شجرکاری پر قابل ستائش گفتگو کی۔آخر میں تمام معزز مہمانان گرامی اور فروغ سخن مرکز کے عہدے داروں نے ڈاکٹر شاہد ایم شاہد کو تحسین و تہنیت بسلسلہ تقریب رونمائی شیلڈ پیش کی۔ پہلے سیشن کے اختتام پر جناب ڈاکٹر شاہد ایم شاہد نے اپنے تمام معزز مہمانان گرامی اور شرکاء محفل کا شکریہ ادا کیا۔ پہلے سیشن کے اختتام پر تمام مہمانوں کو کھانا پیش کیا گیا۔
دوسرا سیشن پادری امام دین کے منظوم زبوروں پر مشتمل تھا جس میں نظامت کے فرائض ڈاکٹر ندیم ڈیوڈ نے احسن انداز سے نبھائے۔تمام مہمانوں کو مالا پہنا کر تقریب میں خوش آمدید کہا گیا۔ تقریب کی صدارت جناب ڈاکٹر نعیم سلیم از لاہور نے کی۔ مہمانان خصوصی میں ڈائریکٹر سینٹ پال اسکولز جناب شفقت حیات اور جنرل سیکرٹری مرکز جناب طاہر نوشاد تھے۔ مہمانان اعزازی میں جناب جیمز جان مخفی اور پاسٹر جیکسن ہاشم دین تھے۔ مقررین میں جناب پادری اعجاز سہوترہ کرسچن ہسپتال ٹیکسلا اور جنرل سیکرٹری مرکز فروغ سخن جناب طاہر نوشاد تھے۔صدارتی خطبہ دیتے ہوئے ڈاکٹر نعیم سلیم نے پادری امام دین کی حالات زندگی اور زبوروں پر مفصل گفتگو کر کے حاضرین محفل کو محصور کیا۔
تیسرا سیشن کرسمس مشاعرہ تھا۔ نظامت کے فرائض صدر فروغ سخن واہ کینٹ برانچ پرویز ایم نذیر نے ادا کیے۔ تمام معزز مہمانوں کو مالا پہنا کر پروگرام میں خوش آمدید کہا گیا۔ پروگرام کی صدارت ایڈووکیٹ ستار ساحل اسسٹنٹ ایڈوکیٹ جنرل پنجاب لاہور نے کی۔ مہمانان خصوصی میں جناب ایوب شنوا تھے جبکہ مہمانان اعزاز میں رباب انور کھوکھر اور نادرہ سجاد تھے۔تمام مہمانوں کو مالا پہنا کر استقبال کیا گیا جن شعرا کرام نے ولادت المسیح کی شان میں اپنا کلام پیش کیا۔ ان کے نام مندرجہ ذیل ہیں۔ جاوید عاجز روکس ریاض ،جے جے ساگر ، لیاقت آفتاب، امجد رشید ، پرویز ایم نزیر ، ایوب شنوا ، نادرہ سجاد ، طاہر نوشاد ، ستار ساحل، ڈاکٹر نعیم سلیم اور رباب انور کھوکھر تھے۔
تقریب میں جن گلوکاروں نے منظوم زبور گا کر حاضرین کو محصور کیا ان میں ایرک جاوید صاحب ، پاسٹر کامران سلیم ، نغمہ ممتاز ، روش متیہ اور فیبین خان صاحب تھے۔
پروگرام کے آخر میں پرویز ایم نزیر کی ادبی ، سماجی اور تنظیمی خدمات کو سراہتے ہوئے جناب ڈاکٹر نعیم سلیم ، ایڈووکیٹ ستار صاحب اور نادرہ سجاد از لاہور نے رسم گانا باندھ کر خراج عقیدت پیش کیا۔ آخر میں ڈاکٹر شاہد نے تقریب کا اختتام دعا اور کلمات برکات کیا۔
رپورٹ : ڈاکٹر شاہد ایم شاہد
جنرل سیکرٹری,
فروغ سخن واہ کینٹ / ٹیکسلا برانچ تحصیل ٹیکسلا ضلع راولپنڈی